ماڈل کورٹس میں 255فیصلے، ایک مجرم کو سزائے موت، تین کو عمر قید

14 جنوری ، 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ملک بھر کی ماڈل کورٹس نے تیرہ جنوری کو مجموعی طور پر 255 مقدمات کا فیصلہ کیا اور زیرسماعت کیسز میں 393گواہوں کی شہادتیں قلمبند کیں۔ مانیٹرنگ سیل کی رپورٹ کے مطابق ماڈل کریمینل ٹرائل کورٹس نے قتل کے تیرہ اور منشیات کے چالیس مقدمات نمٹائے۔ جرم ثابت ہونے پر ایک مجرم کو سزائے موت تین کو عمر قید جبکہ دیگر 9 کو سترہ سال چار ماہ سات دن قید اور 3171700روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ ماڈل سول ایپلٹ کورٹس نے مجموعی طور پر 113دیوانی، فیملی اور رینٹ اپیلوں و درخواست نگرانی کے فیصلے کئے جبکہ ماڈل مجسٹریٹس عدالتوں نے 89مقدمات کے فیصلے کئے۔ تمام عدالتوں نے 165گواہوں کے بیانات قلمبند کر کے 42 مجرموں کو 9 سال قید اور 94100 روپےجرمانے کی سزا سنائی۔