تعمیراتی پراجیکٹس میں رکاوٹوں کی شکایات ، ڈی جی ای پی اے طلب

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے وفاقی دارالحکومت کے ایریاز میں مختلف تعمیراتی پراجیکٹس میں رکاوٹ ڈالنے کے نام پر مبینہ شکایات پر ڈائریکٹر جنرل پاک ای پی اے کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی اے حکام نے اعلٰی سطح پر شکایات کی تھیں کہ ہر پراجیکٹ میں پاک ای پی اے کے حکام رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس پر وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے انہیں بلا لیا ۔شہریوں کے مطابق پرائیویٹ پراجیکٹس ہوں یا حکومتی ، سب نے ماحولیاتی قانون کو بالائے طاق رکھ کر ماحولیات کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے ، درخت کاٹے جا رہے ہیں پہاڑیوں سے نکلنے والے چشمے بند ہو چکے ہیں اور اسلام آباد شہر کی پہچان مارگلہ ہلز نیشنل پارک آلودگی کی چادر پہنے رہتا ہے جو تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کیلئے سوالیہ نشان بنا ہو ا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور گاڑیوں کے دھوئیں کی وجہ سے آئے روز آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے ادھر پاک ای پی اے پلاسٹک بیگز کا استعمال بھی روکنے میں ناکام نظر آتی ہے ، ڈائریکٹر جنرل پاک ای پی اے فرزانہ الطاف شاہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ادارہ فضائی سمیت ہر قسم کی آلودگی کا سبب بننے والے عوامل کو روکنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے اسی لئے تو شکایات آتی ہیں ۔