بوسیدہ دکانوں کی بالائی منزل پر غیر قانونی تعمیرات، بلدیہ حکام خاموش

14 جنوری ، 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ عملے کی مبینہ ملی بھگت سے صادق آباد چوک میں واقع انتہائی بوسیدہ دکانوں کی بالائی منزل پر غیر قانونی تعمیرات شروع ہو چکی ہیں مگر کارپوریشن کے شعبہ ریگولیشن کا عملہ اہلیان علاقہ کی شکایت کے باوجود خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ صادق آباد چراہ چوک میں واقع ان بوسیدہ دکانوں دکانوں پر چار فٹ کے ستون کھڑے کر کے پہلے دیواریں بنائی گئیں پھر ان دیواروں پر راتوں رات لینٹر ڈال دیا گیا جس کے بعد اب اس کے اوپر نئی دکانوں کی تعمیر کا کام جاری ہے، خفیہ طریقے سے دکانوں کی بالائی منزل تیار کرنے کے بعد نچلے پرانے لینٹر کو گرا دیا جائے گا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ دکانیں کم از کم پچاس سال کے لگ بھگ پرانی ہیں، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر کارپوریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمیں افسران بالا نے شہر میں کسی قسم کی کارروائی سے روک رکھا ہے۔