گوجر خان میں گیس کے کم پریشر سے صارفین کو شدید مسائل

14 جنوری ، 2022

گوجرخان (نمائندہ جنگ) شہر میں گیس پریشر انتہائی کم اور سردی کی شدت میں اضافہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،ممبران اسمبلی گوجرخان کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کریں ،شہری علاقوں میں شام اوررات کے مختلف اوقات میں گیس پریشر انتہائی کم ہو جاتا ہے جس کے باعث لوگوں کے چولہے بجھ جاتے ہیں۔شہری حلقوں نے کہا ہے کہ گوجرخان سے نکلنے والی گیس دوسروں شہروں میں مکمل پریشر کے ساتھ سپلائی کی جارہی ہے جبکہ گوجرخان شہر کا پریشر انتہائی کم کر دیاجاتا ہے جس کے باعث شدید سردی کے موسم میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے ممبر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید کوثر ایڈووکیٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کو مسائل سے نجات دلانے میں کردار ادا کریں۔