او آئی سی اجلاس افغانستان کو دنیا سے جوڑنےکیلئے رابطے کا ذریعہ تھا،افغان سفیر

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)پاکستان میں متعین افغان طالبان کے سفیر نے اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کی ستائیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس کے انعقاد نے افغانستان کو بیرونی دنیا سے رابطے کرنے میں مدد کی جبکہ انہوں نے ملک میں اہم انسانی امداد کے لیے سعودی عرب کے اقدامات کو بھی سراہا ہے۔ افغان سفیر سردار احمد خان شکیب نے بتایا کہ یہ (او آئی سی کا اجلاس) افغانستان کو دنیا سے جوڑنے کے لیے رابطے کا ذریعہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ او آئی سی کانفرنس کے ذریعے ہم دنیا کو افغانستان کی صورتحال کی حقیقی تصویر دکھانے میں کامیاب ہوئے، سردار احمد خان شکیب نےکہا کہ امداد فراہم کرنے کے حوالے سے او آئی سی کے رکن ممالک میں سعودی عرب نے سب سے زیادہ فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔ اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی کے سیشن کے دوران ایک ارب سعودی ریال افغانستان کے لیے او آئی سی کے فنڈ میں جمع کروانے کا وعدہ کیا۔ اسی طرح فوری طور پر کنگ سلمان امدادی مرکز کی وساطت سے خراب معاشی صورت حال سے دو چار افغانوں کے لیے امداد بھجوائی گئی۔