پاکستان دنیا کاچوتھا مہنگا ترین ملک بن چکا، سراج الحق

14 جنوری ، 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے پی ٹی آئی حکومت نے مہنگائی کا 74سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ عالمی جریدوں کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کا چوتھا مہنگائی ترین ملک بن چکا،عوام مہنگائی اور غربت سے لڑ رہے ہیں، کھلاڑی آپس میں دست و گریبان ہیں، بڑی اپوزیشن جماعتوں میں عوام کے مسائل کی بجائے اپنے مفادات کے لیے رسہ کشی ہورہی ہے۔ قوم گواہ رہے اگر کوئی لوگوں کے مسائل کے لیے جدوجہد کررہا ہے تووہ جماعت اسلامی ہے، کے پی کے باسیوں نے پی ٹی آئی پر عدم اعتماد کر دیا۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان بھی حقیقی تبدیلی کے لیے تیار ہیں،کاروبار سود سے پاک ہوگا تو برکت آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمر گرہ دیر پائن میں تاجروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طور پر فلاپ ہوگئی ہے۔وزیراعظم اور ان کی ٹیم ملک کے داخلی اور خارجی محاذوں پر کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دے سکی، مری واقعہ حکمرانوں کی نااہلی کا ایک اور ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام طبقات متحد ہوکر اسلامی جمہوری پاکستان کے لیے جدوجہد کریں اور آزمائے ہوئے لوگوں کو ووٹ کی طاقت سے گھر بھیجیں۔