منی بجٹ کیخلاف پی ڈی ایم،پی پی کا احتجاج،اسلام آبادپولیس کا "پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی" کا عملی مظاہرہ

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار) جمعرات کومنی بجٹ کیخلاف پی ڈی ایم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے احتجاجی مظاہروں کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے پہلی بار دانائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راستے بند کرنے کے مرتکب سیاسی کارکنوں پر لاٹھی چارج کے بجائے انہیں پیار ومحبت سے پارلیمنٹ کا مین گیٹ بند ہونے کا احساس دلا کر "پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی" کا عملی مظاہرہ کر دکھایا، مسلم لیگ( ن) کے صدر اور قائدحزب اختلاف شہبازشریف کی کال پرحکومتی منی بجٹ کیخلاف پی ڈی ایم کے زیراہتمام پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کرنے کیلئے ن لیگ کے سابق امیدواراین اے 60سجادخان کی قیادت میں کمیٹی چوک راولپنڈی سے سینکڑوں گاڑیوں اورہزاروں کارکنوں پرمشتمل ریلی کو سریناہوٹل اسلام آبادکے سامنے پارلیمنٹ ہاؤ س جانے سے روک دیاگیاجس پر شرکاء نے ہوٹل کے سامنے سڑک پردھرنادیدیا جس کی وجہ سے صورتحال سنگین ہوگئی تواے سی اسلام آباد موقع پر پہنچ گئے اورسجادخان سے مذاکرات کرکے انہیں ریلی کے شرکاء کو پیدل اور انہیں اپنی گاڑی میں پارلیمنٹ ہاؤس تک جانے پرآمادہ کیا۔ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انتظار میں کارکن مین گیٹ کے سامنے جمع ہوگئے تو ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے انہیں طاقت کے استعمال سے دھکیلنے کی کوشش کی مگر وہاں موجود ایس ایس پی آپریشنز نے اہلکاروں کو سمجھایا کہ ہم نے ان سے لڑنا نہیں، پارلیمنٹ کیساتھ ساتھ انکی بھی حفاظت کرنی ہے،ایس ایس پی کی بات سن کر پیپلز پارٹی کے کارکن مرکزی گیٹ کو چھوڑ کر مہنگائی کیخلاف نعرے بازی کر کے چلے گئے۔