بھارت، مسلمانوں پر ظلم و ستم کیساتھ نسل کشی کے 8ویں مرحلے پر پہنچ چکا، جینو سائیڈ واچ

14 جنوری ، 2022

کراچی(خبرایجنسی، مانیٹرنگ نیوز) دنیا بھر میں نسل کشی کے واقعات پر نظر رکھنے والی تنظیم جینو سائیڈ واچ نے بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کا ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا۔جینوسائیڈ واچ کا کہنا ہے کہ بھارت اس وقت مسلمانوں کی نسل کشی کے آٹھویں مرحلے میں ہے اور مکمل نسلی پامالی سے صرف ایک قدم دور ہے۔شکاگو میں ورچوئل تقریب سے خطاب میں جینوسائڈ واچ کے بانی پروفیسر گریگوری اسٹینٹن کا کہنا تھا کہ،بھارت نسل کشی، ظلم و ستم کے ساتھ مکمل نسلی پامالی سے صرف ایک قدم دور ہے، بھارتی وزیراعظم مسلمانوں کی نسل کشی ہوتی دیکھ کر خوش ہوتے ہیں،پروفیسر اسٹینٹن نے وزیراعظم مودی کے ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس سے تعلق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس نفرت سے بھری نازی طرز کی تنظیم ہے جو ہٹلر کو سراہتی ہے۔