مقبوضہ کشمیر:بھارتی فورسز سے جھڑپ ، نوجاوان شہید ، اہلکار مارا گیا،این آئی اے کا پلوامہ میں چھاپہ

14 جنوری ، 2022

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز ہونے والی ایک جھڑپ میں ایک نوجوان شہید،بھارتی فورسز کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ 3فورسز اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ روزجنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے پاری ون نیلو نامی گائوں کو محاصرے میں لے لیا تھا۔ پولیس ترجمان کے مطابق سپیشل آپریشن گروپ کولگام کو ضلع ہیڈکوارٹر سے قریب 8کلو میٹر دور شوپیان روڑ پر واقع پاری ون نیلو نامی گائوں میں بھارتی فوج کی 34آر آر اور18بٹالین سی آر پی ایف کو تلاشی مہم کے دوران مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں فورسز کے چار اہلکار زخمی ہوئے ۔ ان میں سے ایک کانسٹیبل روہت کمار زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ پولیس ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ اس کارروائی میں جیش محمد کا بابر بھائی ہلاک ہوگیا ۔ادھر26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔