این سی او سی اجلاس ، کورونا پھیلائو، ویکسی نیشن صورتحال کا جائزہ

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کے اجلاس میں کورونا وبائی مرض کے چارٹ کے اعداد و شمار، قومی ویکسین کی حکمت عملی اور ملک بھر میں بیماری کے پھیلاؤ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعرات کے روز این سی او سی کا اجلاس نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل محمد ظفر اقبال کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے شرکت کی۔ فورم کو کورونا کے مثبت تناسب بیماری کے پھیلاؤ، اموات کی تعداد اور نئے مریضوں کے بارے میں بتایا گیا۔فورم نے ویکسینیشن کے لازمی نظام کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ این سی او سی نے صوبہ وار ویکسی نیشن کے اہداف اور ویکسی نیشن کے مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کی کوششوں کا جائزہ لیا، بتایا گیا کہ طلباء کو ویکسی نیشن پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اہل آبادی کا 49 فیصد مکمل طور پر ویکسین شدہ ہے۔ این سی او سی نے متعلقہ حلقوں کو ہدایت کی کہ موجودہ این پی آئیز کو نافذ کیا جائے اور سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔صوبوں سے کہا گیا تھا کہ وہ موجودہ این پی آئیز کو خاص طور پر ٹرانسپورٹ، تعلیم اور اعلی سماجی اجتماعات جیسے ریستورانز اور شادی ہالز کے شعبوں میں سختی سے نافذ کریں۔ ویکسینیشن مہم اور ریمپ اپ ٹیسٹنگ بشمول ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹنگ (RAT)کو تیز کریں۔صوبائی نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھانے، ویکسینیشن مہم کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔