گندم، چاول، مکئی، گنا، آلو اورپیاز کی پیداوار میں اضافہ ہوا ‘فخرامام

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام ن ے ساتویں D-8 زرعی وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ اس کانفرنس نے ہمیں ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جہاں ہم غربت ، بھوک کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے ذریعے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے کلائمیٹ سمارٹ ایگریکلچر (CSA) کی تحقیق اور ترقی کے حوالے سے کچھ اہم کام کیا ہے۔ اس لیے میں کونسل کو دوسرے ممالک کی مناسب تنظیموں کے ساتھ منصوبہ بندی کے مرحلے سے ہی اس اقدام کا حصہ بنانے پر زور دینا چاہوں گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی بہترین زرعی پالیسیوں کے باعث کووڈ کی وبا کے باوجود گندم، چاول، مکئی، گنا، آلو، پیاز اور مونگ پھلی کی پیداوار میں ریکارڈ سطح پر اضافہ ہوا ہے۔ یہ سال پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے قابل ذکر رہا، اور ہماری معیشت کو ریکارڈ زرعی پیداوار کے ساتھ فروغ ملا، جو22۔ 2021میں خوراک کی درآمدات پر کم انحصار کی نشاندہی کرتا ہے۔ مزید برآں، ہماری سازگار پالیسیوں اور مداخلتوں کی وجہ سے، زرعی اجناس کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔