شاہین آفریدی اور حسن علی ٹاپ ٹین ٹیسٹ باؤلرز میں شامل

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (ما نیٹر نگ ڈیسک) آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی پیسر شاہین آفریدی کو تیسری پوزیشن سے محروم ہونا پڑا جب کیوی فاسٹ باؤلر کائیل جیمیسن نے کیریئر بیسٹ درجہ بندی کے بعد انہیں چوتھے نمبر پر دھکیل دیا۔کائیل جیمیسن نے 825 پوائنٹس کا سنگ میل پار کرنیوالے پانچویں کیوی باؤلر کی حیثیت سے آٹھ درجے بہتری سے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا جبکہ ٹم ساؤتھی تین درجے تنزلی سے ساتویں نمبر پر براجمان ہوئے۔ آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز کی حکمرانی میں پاکستان کے حسن علی بھی ٹاپ ٹین میں دسویں نمبر پر موجود ہیں۔بیٹنگ کے شعبے میں بنگلہ دیش کے لیٹن داس نے 17 سیڑھیاں پھلانگ کر کیریئر بیسٹ 15 ویں پوزیشن یقینی بنائی۔ جنوری 2019 کے بعد جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر ٹاپ ٹین میں واپسی کے بعد دسویں نمبر پر فائز ہوئے جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم نے دو درجے بہتری سے گیارہویں اور ان کے ساتھی ڈیون کانوے نے اٹھارہ درجے پھلانگ کر 29 ویں نمبر پر قبضہ جمایا جبکہ روز ٹیلر 28 ویں نمبر کے ساتھ کھیل کو خیرباد کہہ گئے۔ آسٹریلین بیٹر عثمان خواجہ 26ویں نمبر پر واپس آئے تام پاکستانی کپتان بابر اعظم کی آٹھویں پوزیشن بدستور قائم ہے۔