اندازہ ہے اس وقت ملک میں مہنگائی کا شدید طوفان ہے، پرویزالٰہی

14 جنوری ، 2022

لاہور(نمائندہ خصوصی)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ اس وقت ملک میں مہنگائی کا شدید طوفان برپا ہے، روز بروز اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام بہت پریشان ہیں، حکومت عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کو حل کرے ،اگر مہنگائی کم نہیں کر سکتے تو بڑھنے بھی نہ دیں، جمہوری حکومت کی مضبوطی کیلئے عوام کی پریشانیوں کو کم کرنا ہو گا کیونکہ عوام کو ریلیف دئیے بغیر جمہوری حکومت کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی،عوام کو مزید پریشانیوں سے بچانے اور ریلیف دینے کیلئے حکومت فوری موثر انتظامات کرے۔ چودھری پرویز الٰہی مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینیٹر کامل علی آغا کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بڑے بھائی ڈاکٹر کاظم علی آغا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی، اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی وقاص حسن موکل اور آمنہ الفت سمیت مسلم لیگی رہنما و کارکن بھی موجود تھے۔