اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)دفترخارجہ نے خبردار کیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچاسکتا ہے، عالمی برادری بھارتی عزائم کا نوٹس لےاورمسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے کردار کرے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورت حال کو اجاگر کرتا رہے گا، مودی سرکار بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے، ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نے بھارتی فوج کے سربراہ کے اس بیان کو یکسر مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کنٹرول لائن کے پار نام نہاد لانچ پیڈز اور تربیتی کیمپوں کی موجودگی کا دعویٰ کیا تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کے سربراہ کے بے بنیاد الزامات میں کوئی نئی بات نہیں بلکہ یہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے گٹھ جوڑ کی طرف سے پاکستان مخالف مذموم پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے جنگی جنون پر مبنی توسیعی پسندانہ ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے جس میں اکھنڈ بھارت کا پرفریب تصور شامل ہے اور یہ علاقائی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ بھارتی فوج کے سربراہ نے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت کے حصول تک مکمل حمایت جاری رکھے گا، رواں برس کے آغاز سے اب تک 15 کشمیریوں کو ماورائے قانون قتل کی جعلی کارروائیوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، اسی طرح 2021 میں 210 کشمیریوں کو قتل کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت بدقسمتی سے صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔ ہمیں تشویش ہے اور مسلسل عالمی برادری کو بھارت کے ٹریک ریکارڈ سے بھی خبردار کر رہے ہیں اور یہ حقیقی امکان ہے کہ بھارت صورت حال سے توجہ ہٹانے کیلئے ایک اور فلیگ آپریشن کرسکتا ہے، اسی لیے ہم عالمی برداری میں موجود اپنے دوستوں کو اس حوالے سے مسلسل خبردار کر رہے ہیں۔دریں اثناپاکستان نے جوہری جنگ کی روک تھام اور ہتھیاروں کی دوڑ سے بچنے سے متعلق سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان (پی فائیو) کی جانب سے مشترکہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے درمیان یہ مفاہمت عالمی اور علاقائی سطح پر تزویراتی استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایک ذمہ دار جوہری ہتھیاروں کی حامل ریاست کے طور پر پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے تخفیف اسلحہ سے متعلق پہلے خصوصی اجلاس (ایس ایس او ڈی-I) کی شرائط کے مطابق عالمی اور غیر امتیازی جوہری تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کے مقاصد کی حمایت کرتا ہے۔
پشاور خیبر پختونخوا حکومت نے26ارب روپے کی لاگت سے صوبہ کے10لاکھ غریب خاندانوں کو آٹے اور خوردنی اشیا ءکی سستی...
اسلام آباد سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ نگراں وزیراعظم کیلئے معیشت دان آئیگا اور کوئی نہیں...
کراچی جیو کے پروگرام’’آپس کی بات‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون شاہ خاور نے کہا ہے کہ میجورٹی ویو تین...
راولپنڈی کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نےآئی جی ایف سی بلوچستان میجرجنرل محمد یوسف مجوکہ کے...
اسلام آباد سفارتی ذرائع کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے بھارت کے سفارتی اور سکیورٹی حکام طالبان قیادت کے ساتھ...
فیض آبادافغانستان کے شمالی صوبہ بدخشاں کے ایک گائوں میں لینڈ سلائیڈز سے 4افراد ہلاک اور 2 دیگر زخمی ہوگئے...
اسلام آباد پاکستان تحریک انصاف کے فوکل پرسن برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ شکر ہے کورونا وبا کے...
اسلام آ باد وفاقی حکومت نے چیئرمین واپڈا لیفٹنٹ جنرل مزمل حسین کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔ممبر فائنانس...