کورونامریضوں کی تعداد 3 ہزار، مثبت شرح 6 فیصدسے زائد

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی رپورٹ، خصوصی نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے)پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 40 ویں نمبر پر آ گیا، 3ہزار سے زائد کیسز پررپورٹ ہوئے،شرح بڑھ کر 6 فیصد سے زائد ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 19 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 5 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 12 فیصد پر آگئی، اب تک کْل 16 کروڑ 36 لاکھ 48 ہزار 656 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں ،دوسری طرف کئی ہفتوں کے بعد اچانک راولپنڈی میں کرونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد سو سے بڑھ گئی ہے اور چو بیس گھنٹوں میںراولپنڈ ی ضلع میں 109کرونا مر یض رپورٹ ہوئے، جب کہ اسلام آباد میں کورونا کے284نئے کیسز سامنے آئے، پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ ‏ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،اپنے ٹویٹ میں انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ویکسین لگوانے کے ساتھ ساتھ حکومتی ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔