مری برفباری ہلاکتیں ،سپریم کورٹ میں از خود نوٹس لینے کی درخواست

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) مری میں برفباری کے باعث ہلاکتوں کے پر از خود نوٹس لینے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ سینئر وکیل عبید عباسی کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مری میں برفباری کے باعث ہلاکتوں کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے ، غفلت کے مرتکب افراد کی نشاندہی کر کے حقائق سامنے لائے جائیں۔ مری کے داخلی اور خارجی راستوں کو بہتر بنایا جائے۔ درخواست میں مری کے ہوٹلوں کے ریٹس کو منظم کر کے سیاحوں کو لوٹنے والے مافیاز کو کٹہرے میں لانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔ درخواست گزار کا کہناہے کہ معاملہ میں کیونکہ مختلف حکومتی افراد شامل ہیں اس لئے وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی سے زیادہ توقعات نہیں ، اس کمیٹی میں غیر جانبدار افراد کو شامل نہیں کیا گیا ، عدالت اس کمیٹی کی رپورٹ بھی طلب کرے۔