پاکستان جنوبی کوریا کیساتھ سیاسی، معاشی تعلقات بڑھانے کا خواہاں،صدرعلوی

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی،اپنے نامہ نگارسے)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے فعال اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کوریا کیساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، معاشی، عوامی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے،جنوبی کوریا کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر نبیل منیر سےملاقات کےدوران گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی وجہ سے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مقام ہے، نامزد سفیر کورین سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زونز اور سی پیک میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کریں،بعد ازاں الجزائر کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر محمد طارق نے بھی صدر مملکت سے ملاقات کی، صدر نے کہا کہ نامزد سفیر الجزائرکیساتھ پارلیمانی اور ایوانِ صنعت و تجارت کے وفود کے تبادلوں کے فروغ کیلئے کام کریں، صدر نے اس موقع پر پاکستان اور الجزائرکے مابین مشترکہ کاروباری کونسل قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔ دریں اثناءچانسلر کامسٹس یونیورسٹی صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت یونیورسٹی کی سینٹ کا پانچواں خصوصی اجلاس ہوا جس میں تین نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا، یونیورسٹی ذرائع کے مطابق سینٹ نے کامسٹس یونیورسٹی کے ملک میں کیمپس پی پی پی موڈ پر تعمیرکرنے کی منظوری دیدی ،سینٹ نے یونیورسٹی ملازمین کیلئے دس فیصد ایڈہاک الائونس ،ٹی ٹی ایس ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی بھی منظوری دی گئی، یونیورسٹی میں ترقیوں کے حوالے سے خصوصی سلیکشن بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی۔