اپوزیشن کی بے چینی کی وجہ معاشی حالات کی بہتری ہے، ہمایوں اختر خان

14 جنوری ، 2022

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ معاشی حالات بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں او ریہی اپوزیشن کی بے چینی کی اصل وجہ ہے۔سابق حکومت نے قرضوں اورکرنٹ اکائونٹ خسارے کے پہاڑ کھڑے کر دئیے جوآنے والی حکومت کیلئے چیلنج ثابت ہوئے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے وسائل نہ ہونے کا بہانہ بنا کر مستحق طبقات کو لاوارث نہیں چھوڑا بلکہ انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کئی انقلابی اقدامات کئے جن کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ۔ حکومت ملک اورعوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو بھی منصوبہ شروع کرتی ہے مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی دعویدار بن کر سامنے آ جاتے ہیں کہ یہ توہماراخواب تھا۔اپوزیشن میں اخلاقی جرات ہے تو ماضی میں جوبگاڑ پیدا کئے ان کی ذمہ داری بھی قبول کرے اورقوم سے معافی مانگے ۔ مسلم لیگ(ن) والوںکو بجلی کے مہنگے منصوبوں، بیس ارب ڈالر کے تجارتی خسارے کی ذمہ داری بھی لینی چاہیے ،اربوں ڈالرکے جومہنگے کمرشل قرضے لئے گئے قوم کو اس سے بھی آگاہ کریں کہ ان پر حکومت سالانہ کتناسود ادا کررہی ہے ۔