ایچ ای سی کی نجکاری رواں ماہ کی 19 تاریخ کو مکمل ہو جائیگی،حکام

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس سینیٹر شمیم آفریدی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کو وزارت نے نجکاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کو ہیوی الیکٹرک کمپلیکس (ایچ ای سی) کی نجکاری بارے بتایا گیا کہ ایچ ای سی 1991 میں قائم ہوئی اور اس کا کام ٹرانسفارمر تیار کرنا تھا اور یہ ادارہ وزارت صنعتی پیداوار کے ماتحت ہے، سرمایہ کی کمی کی وجہ سے ادارہ نئے ٹرانسفارمر تیار نہیں کر رہا جس کی وجہ سے اس کی نجکاری کی جارہی ہے۔ وزارت کے نمائندوں نے بتایا کہ اس ادارے کی نجکاری 19 جنوری 2022 کو مکمل ہو جائے گی۔چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ ادارے کی نجکاری اور بڈنگ کے وقت سینیٹرز کو بھی مدعو کیا جائے۔ کمیٹی کو بتایا گیاکہ جون 2021 تک کارپویشن کے 20 ارب روپے کے اثاثے تھے۔ وزارت نجکاری نے کمیٹی کو بتایا کہ کارپوریشن کی نجکاری کیلئے سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ پر انحصار کرتی ہے اور اس وجہ سے کارپویشن کی نجکاری میں تاخیر ہو رہی ہے تاہم اس سال جون تک اس کی نجکاری کو حتمی شکل دے دیں گے۔ فرسٹ وومن بینک کی نجکاری کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا 1996 میں فارن ایڈ کے حوالے سے بینک کو 31 کروڑ کا نقصان ہوا بینک کی 42 برانچیں ہیں اور اس کا سرمایہ 4.1 ارب روپے ہے۔ وزارت کے ،حکام ،نے بینک کی نجکاری کیلئے دسمبر 2022 کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ بینک کی نجکاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرکے فوراً نجکاری کی جائے۔