کراچی‘ بااثر قیدی جیل کی بجائے ہسپتالوں میں رکھنے کا نیٹ ورک موجود

14 جنوری ، 2022

کراچی (آن لائن) کراچی میں بااثر قیدی جیل کی بجائے ہسپتالوں میں رکھنے کا نیب ورک موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،حکام کا کہنا ہےکہ 5نجی اور 3سرکاری ہسپتالوں میں بااثر قیدیوں کو سہولتیں دی جاتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بااثر قیدیوں کو سہولتیں دینے والے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ با اثر قیدیوں کو شہر کے کم از کم پانچ نجی ہسپتالوں میں رکھا جاتا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے ان نجی ہسپتالوں میں مالدار اور بااثر قیدیوں کو رکھا جاتا ہے جبکہ ماضی میں چند دیگر نجی ہسپتالوں میں بھی بااثر قیدیوں کو رکھا جاتا رہا ہے۔ شہر کے تین سرکاری ہسپتالوں میں بھی بااثر قیدیوں کو لمبے عرصے تک رکھا گیا جن میں این آئی سی وی ڈی، جناح اور سول ہسپتال شامل ہیں۔