اپوزیشن کا مارچ اپوزیشن کیخلاف، یہ صرف رینٹ اے کرائوڈ ہے ،بابر اعوان

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت پر تمام ارکان اور اتحادیوں کا مکمل اعتماد ہے، قانون سازی اکثریت سے منظور کرائیں گے ۔جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اپوزیشن جس وجہ سے ایوان کے اندر کے بجائے باہر احتجاج میں حصہ لینا چاہتی ہے وہ ہمیں معلوم ہے ،ہم قومی اسمبلی میں 64 آئٹم لے کر جا رہے ہیں جس میں سے 59 قانون سازی سے متعلق ہیں اور یہ قانون سازی سیاسی نہیں قومی ہے، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے قرضوں میں سے 13 پروگرام ن لیگ اورپی پی ا دوار میں لیے گئے،انہوں نے بھی ٹیکس اصلاحات سے متعلق آئی ایم ایف کے مطالبات تسلیم کئے،عمران خان کی حکومت کا 71 سالوں سے موازنہ کر کے دیکھ لیں آپ کو واضح کامیابیاں نظر آئیں گی، پہلی دفعہ اسلام آباد کے میئرکا براہ راست انتخاب ہوگا ، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مارچ اپوزیشن کے خلاف ہے اور یہ صرف رینٹ اے کرائوڈ ہے، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، آئندہ انتخابات ای وی ایم کے ذریعے نگران حکومت کرائے گی، مقدمات سے توجہ ہٹانے کے لیے سارا شور شرابا کر رہے ہیں، میں قانون سازی کے لیے اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ترامیم ایوان میں پیش کریں اور ایوان کے اندر اپنا پارلیمانی کردار ادا کریں