اپوزیشن ہر جگہ ناکام ہوگئی کورونا تیز، جو شہری رہ گئے فوری ویکسین لگوائیں وزیراعلیٰ بزدار

14 جنوری ، 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اپوزیشن بھی وہ ملی جسے قومی مفادات کا شعور ہے نہ ادراک۔اپوزیشن جماعتوں نے پہلے اداروں کو متنازعہ بنانے اور کورونا، ڈینگی اور مری واقعہ پر سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ قومی ایشوز پر سیاست کرنا بے حسی اورسنگدلی ہے۔ اپوزیشن کے رہنماؤں کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی تائید سے ان کو ہر موقع پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔اپنے بیانات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر میں شدت آ رہی ہے، مریضوں کی شرح میں اضافہ تشویشناک ہے۔ شہریوں کو سنجیدگی دکھانا ہوگی اپیل ہے کہ وہ کورونا کی پانچویں لہرسے محفوظ رہنے کیلئے فوری طورپر ویکسین لگوائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔