بیرون ملک سے آنیوالوں کیلئے کورونا پابندیوں میں نرمی

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئے کورونا پابندیوں میں نرمی کردی۔ این سی او سی نے کیٹیگری بی اور سی ممالک سے آنے والوں پرسفری پابندیوں میں نرمی کی ہے اور اب کسی بھی ملک سے ویکسین شدہ ،غیر ملکی اور پاکستانی وطن آسکتے ہیں۔ این سی او سی نے کیٹیگری بی اور سی کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے بعد نئی ٹریول پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے اور بورڈنگ سے 48 گھنٹے پہلےمنفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانا لازمی ہوگا جب کہ یورپی ممالک سے آنے والے مسافروں کا 100 فیصد ریپڈ ٹیسٹ کیا جائے گا۔سعودی عرب ،امارات اور قطر کی کم از کم 50 فیصد فلائٹس کے مسافروں کا ریپڈ ٹیسٹ ہوگا جس میں کورونا مثبت آنے والے مسافر 10 دن قرنطینہ کریں گے جب کہ ایسے مسافروں کا پھر آٹھویں دن پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا ویزہ مدت ختم ہونے، غیر قانونی مقیم پاکستانی اور ڈی پورٹ پاکستانیوں کو ویکسین سے استثنیٰ حاصل ہوگا، اس کے علاوہ میڈیکل وجوہات،حاملہ خواتین اور 18 سے 15 سال عمر کے پاکستانیوں کو بھی لازمی ویکسین پالیسی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، 18 سے 15 سال کے پاکستانی مسافروں کو 15 فروری تک بغیر ویکسین پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔