اے پی ایس کیس ، حکومت نے وزیراعظم کے جواب کیلئےمزید مہلت مانگ لی

14 جنوری ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی حکومت نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کیس میں وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب جمع کرانے کیلئے سپریم کورٹ سے مزید مہلت مانگ لی ہے۔ گزشتہ روز اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ سانحہ اے پی ایس پشاور کیس میں وزیراعظم کا دستخط شدہ جواب جمع کرانے کیلئے تین ہفتے کا وقت دیا جائے،شہداءکے والدین سے وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی ایک ملاقات کر چکی ہے ، کمیٹی کی شہداءکے والدین سے ایک اور ملاقات جلد متوقع ہے تاکہ انہیں مطمئن کیا جا سکے ، مناسب ہوگا کہ شہداءکے والدین اور کمیٹی کی دوسری ملاقات کا نتیجہ سامنے آ جائے۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ جواب جمع کروانے کیلئے مزید مہلت دی جائے تاکہ عدالت کو جامع عملدرآمد رپورٹ پیش کی جائے۔ سانحہ اے پی ایس پشاور کیس کی 10 نومبر 2021ءکی سماعت پر عدالت نے معاملہ پر پیشرفت بارے وزیراعظم عمران خان کا دستخط شدہ جواب ایک ماہ میں جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔ گزشتہ سماعت پر بھی عدالت نے وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کیلئے تین ہفتے کی مزید مہلت دی تھی۔