تمباکو ہیلتھ لیوی بل کا نفاذ، 60 ارب کا اضافی ریونیو ملے گا، ٹوبیکو فری کڈز

06 جنوری ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) بچوں کے حقوق کے تحفظ و فروغ کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں نے کہا ہے کہ زیر التواء ٹوبیکو ہیلتھ لیوی بل پر عمل درآمد پاکستان کو موجودہ مالیاتی چیلنج پر قابو پانے میں مدد دے سکتا ہے۔ 60 ارب روپے کی اضافی آمدنی سے تمباکو کی صنعت سے صحت اور معیشت کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے سمیت ملکی صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمباکو کی مصنوعات پر فوری ہیلتھ لیوی عائد کرے تاکہ پاکستانی بچوں اور نوجوانوں کو تمباکو کی وبا سے بچایا جا سکے۔ پیر کو جاری ایک مشترکہ بیان میں کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز (سی ٹی ایف کے) کے کنٹری ہیڈ ملک عمران احمد نے کہا کہ تمباکو کی مصنوعات سستی اور باآسانی دستیاب ہونے کی وجہ سے پاکستان میں تمباکو نوشی کی اقتصادی لاگت 615 ارب روپے ہے جو کہ پاکستان کی جی ڈی پی کے 1.6 فیصد کے برابر ہے جبکہ تمباکو کی صنعت سے حاصل ہونے والا ریوینیو کل لاگت کا صرف 20 فیصد ہے۔ وفاقی کابینہ نے 2019 میں تمباکو کی مصنوعات پر ہیلتھ لیوی (اضافی ٹیکس) لگانے کے بل کی منظوری دی۔