کورونا کے علاج کیلئے پاکستان میں روایتی چینی ادویات کا ٹرائل کامیاب

18 جنوری ، 2022

کراچی(نمائندہ جنگ ) صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے پیر کو سینٹر فار بائیوایکویلینس اسٹڈیز اینڈ کلینکل ریسرچ (سی بی ایس سی آر)، ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی کے تحت کویڈ19 کے مریضوں کے علاج کے لئے ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن ’جن ہُوا قنجن گرینولس‘ کے کیلنکل ٹرائل کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کلینکل ٹرائل پاکستان میں کلینکل ریسرچ میں اعلیٰ درجے کی مہارت کی موجودگی کی دلیل ہے۔ یہ بات انہوں نے کورونا کی دوا کے کلینکل ٹرائل کی عوامی اعلان کی تقریب کے دوران بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں کہی، تقریب کا انعقاد وزارتِ صحت و بہبودِآبادی سندھ، کامسٹیک، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی اور متعد چینی کمپنیوں کے اشتراک سے ہوا جس میں وزیر اعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن، شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، پاکستان میں چین کے سفیر نانگ رونگ، چین میں پاکستان کے سفیرمعین الحق، سینٹر فار بائیوایکویلینس کے انچارج اور اس تحقیق کے پرنسپل محقق پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کی قائم مقام ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین، چینی اسکالر ڈاکٹر یو ویمنگ، امریکی ماہر ٹیری لائرمین اوردیگر چینی ماہرین نے بھی خطاب کیا۔