جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں نوول ٹوبیکو کنٹرول کمیٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس

13 جنوری ، 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر )تمباکو کی مختلف مصنوعات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے خطرناک رحجان سے نوجوان نسل نکوٹین اور زہریلے کیمیکل ملے نوول تمباکو کا شکار ہونے لگی ہے ۔اس سلسلے میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں نوول ٹوبیکو کنٹرول کمیٹی کا پہلا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب تنویر اقبال تبسم، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن عامر عقیق ،کمشنر ملتان اشفاق احمد چوہدری اور کمشنر ڈی جی خان خالد منظور نے شرکت کی جبکہ کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر، سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹریز، ملتان،بہاولپور اور ڈی جی خان کے ڈائریکٹرز ایکسائز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز فوڈز، جنوبی پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں کے نمائندے اور ڈی جی ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب بھی اجلاس میں موجود تھے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او سید کوثر عباس اور صوفیہ منصور نے اجلاس کو بریفنگ دی۔اجلاس میں نوول تمباکو پر پابندی عائد کرنے کے لئے قانون سازی بارے سفارشات تیار کرنے،اس کے نقصانات بارے سکول ،کالجز اور یونیورسٹیوں میں آگاہی مہم شروع کرنے اور نوول تمباکو فروخت کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاون کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں نوول تمباکوکا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے اور یہ ایک لائف سٹائل اور فیشن بنتاجارہا ہے۔