مقبوضہ جموں کی عدالت نے یٰسین ملک کا گوا ہ پر جرح کا حق ختم کر دیا

25 جنوری ، 2023

سری نگر(پی پی آ ئی)مقبوضہ کشمیر میں جموں کی ایک خصوصی عدالت نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین یٰسین ملک کے خلاف 1990میں درج کئے گئے ایک جھوٹے مقدمے کے ایک اہم گواہ پر جرح کے حق کو ختم کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا کے مطابق عدالت نے یٰسین ملک کی طرف سے بھارتی فضائیہ کے چاراہلکاروں کے قتل سے متعلق جھوٹے مقدمے میں اہم گواہ پر ویڈیوکانفرسنگ کے ذریعے جرح کرنے سے انکار کے بعد حریت رہنماکا یہ حق ختم کر دیا ہے۔حریت رہنما یٰسین ملک ایک اور جھوٹے مقدمے میں سزا پانے کے بعد نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند ہیں،وہ جموں کی عدالت میں خود پیش ہو کر مقدمے کے گواہان پر جرح کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہیں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیاگیا۔ سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل اور سی بی آئی کے وکیل مونیکا کوہلی نے صحافیوںکو بتایا کہ عدالت نے یٰسین ملک سے مقدمے کے اہم گواہ وی کے شرما پر جرح کرنے کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے انکار کرتے ہوئے اپنے موقف دہرایا کہ وہ عدالت میں پیش ہو کر شرما سےسوالات کرناچاہتے ہیں۔ جس کے بعد عدالت نے یٰسین ملک کا گوا ہ پر جرح کا حق ختم کر دیا۔یٰسین ملک کے خلا ف اس مقدمے کے علاوہ چھ اور مقدمات میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔