نواز شریف جائیداد نیلامی کیس، درخواست گزاروں کے وکلا سے دلائل طلب

25 جنوری ، 2023

لاہور (اے پی پی)لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد نیلامی کے خلاف حکم امتناعی سے متعلق درخواستوں پر فریقین کے وکلاسے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت6فروری تک ملتوی کر دی۔نیب نے درخواستوں پر جواب عدالت میں جمع کروا رکھا ہے۔ نواز شریف کے عزیز یوسف عباس اور دیگر نے بطور اعتراض کنندگان درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ درخواست گزاروں کی جانب سے قاضی مصباح ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔درخواست گزار وں کا موقف تھا کہ نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی سے ہمارے حقوق متاثر ہو ں گے، نیب آرڈینس 2022 کے تحت یہ کیس احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا ،پلاٹس الاٹمنٹ ریفرنس کے دیگر تمام ملزمان بری ہو چکے ہیں۔ وکیل یوسف عباس کی استدعا تھی کہ نواز شریف کو بھی بری کیا جائے اور منجمد اثاثہ جات بحال کئے جائیں ، احتساب عدالت کو نئے قانون کے تحت 50 کروڑ سے کم مالیت کے کیس کی سماعت کا اختیار نہیں جبکہ اس ریفرنس میں ملزمان پر 13 کروڑ کی کرپشن کا الزام تھا، عدالت نواز شریف کی جائیدادوں کی نیلامی کا حکم واپس لے ،شمیم زرعی فارم اور دیگر جائدادیں کرایہ داروں کے پاس ہیں،نیلامی سے کرایہ داروں کے حقوق متاثر ہوں گے۔