موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا : بلاول

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، گلوبل وارمنگ کی وجہ سے پاکستان میں گلیشئر تیزی سے پگھل رہے ہیں، دنیا کو معاشی، موسمیاتی تبدیلی، اسلامو فوبیا جیسے مسائل کا سامنا ہے،پاکستان مسائل کے حل کیلئے تمام ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، متاثرین ،معیشت کی بحالی ترجیع ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے26ویں وزارتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں ے خطے کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو معاشی، موسمیاتی تبدیلی اور اسلاموفوبیاجیسے مسائل درپیش ہیں، اب اٹھائے جانے والے اقدامات ہمارے مستقبل کو طے کریں گے پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، ہمیں خطے کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا ہے،2022 میں پاکستان کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے پاکستان کا 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے، لاکھوں گھر اور ہزاروں ایکڑ پرکھڑی فصلیں متاثر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین اور معیشت کی بحالی اولین ترجیع ہے، دنیا بھر میں کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔