الیکشن کمیشن سے سیاسی جماعتوں کے فنڈنگ کیسز میں پیش رفت رپورٹ طلب

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سے سیاسی جماعتوں کے فنڈنگ کیسز میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ دس روز میں طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب تو سب کیلئے یکساں ہونا چاہئے۔ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر جماعتوں کی فنڈنگ کیسز میں تاخیر پر الیکشن کمیشن کیخلاف پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی درخواست پر سماعت کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے 10روز میں پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔ڈی جی لا ءنے بتایا کہ انتخابی معاملات کی وجہ سے عدالت کیلئے رپورٹ فائنل نہیں کرسکا ، مسودہ تیار ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ تیار ہورہی ہے ؟ یا بس ایسے ہی ؟ احتساب تو سب کیلئے ایک جیسا ہونا چاہئے، درخواست گزار کا موقف ہے کہ پی ٹی آئی کیخلاف کیس میں جلدی دکھائی گئی۔ وکیل فرخ حبیب نے موقف اختیار کیا کہ چار ہفتے پہلے بھی دیئے جاچکے ہیں ، اب ایک ہفتہ یا دس دن سے زیادہ وقت نہ دیا جائے، پی ٹی آئی کیخلاف فنڈنگ کیس کی 135سماعتیں ہوئیں۔ عدالت نے ڈی جی لا ءالیکشن کمیشن کو دس روز میں پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔