کراچی :سمندر کے راستے 20ارب کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام

25 جنوری ، 2023

کراچی (آئی این پی ) پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور کسٹمز حکام نے سمندر کے راستے20ارب روپے کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے کہا ہے کہ پکڑی گئی منشیات میں586کلو آئس جب کہ 800 کلو سے زائد ہیروئن شامل، پاکستانی سمندروں کو غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی اور کسٹمز انفورسمٹ کراچی نے گوادر کے قریب کھلے سمندر میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات پکڑی گئی ہے۔ جس میں 586 کلو آئس جب کہ 800 کلو سے زائد ہیروئن شامل ہے۔ اس کے علاوہ 12 ملزمان بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔ جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریبا 20 ارب روپے ہے۔