قرآن پاک کی بے حرمتی، نیٹو رکنیت کیلئے ترکیہ کا سویڈن کی حمایت سے انکار

25 جنوری ، 2023

انقرہ (آئی این پی) قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کے بعد نیٹو رکنیت کے لئے ترکیہ نے سویڈن کی حمایت سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ سویڈن کو نیٹو کی رکنیت کے حصول کیلئے ہماری حمایت کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔سٹاک ہوم میں ہونے والے احتجاج کے دوران قرآن پاک کا نسخہ نذر آتش کیے جانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ سویڈن کو نیٹو کے لیے ہم سے حمایت کی توقع نہیں رکھنی چاہیے،ترک صدر کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ جن لوگوں نے ہمارے ملک کے سفارت خانے کے سامنے اس طرح کی حرکت کی وہ اب اپنی درخواست کے حوالے سے ہم سے کسی خیر خواہی کی توقع نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی مقدسین کی تذلیل کا حق نہیں ہے، جب ہم کچھ کہتے ہیں تو ایمانداری سے کہتے ہیں اور جب کوئی ہماری بے عزتی کرتا ہے تو ہم اسے اس کی جگہ پر رکھ دیتے ہیں۔