خاتون جج کو دھمکی ، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(آئی این پی ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں طبی بنیادوں پراستثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج رانا مجاہد رحیم نے عمران خان کے خلاف خاتون جج زیباچوہدری دھمکی کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عمران خان کے وکیل نعیم حیدر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی طبی بنیادوں پر استثنیٰ کی درخواست دائر کی جب کہ عمران خان سماعت کیلئے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ سپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیلئےجائیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کا وکالت نامہ اس کیس میں کیوں نہیں ہے؟ عدالت کے استفسار پر عمران خان کے وکیل نعیم حیدر نے بتایا کہ ہمیں نوٹس کا کل رات کو پتا لگا۔ بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔