تحریک انصاف کو کشمیری عوام نے بھاری مینڈیٹ دیا، مدت مکمل اور تمام اعلانات پر عمل کر کے دکھائیں گے ، تنویر الیاس

25 جنوری ، 2023

مظفر آباد ( آن لائن ) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن پارلیمان کا لازمی جزو ہیں، تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو کوئی چھیڑ نہیں سکتا، ٓازادکشمیر میں مینڈیٹ چرانے اور عقبی دروازے سے آنے کے خواہشمند اپنی اصلاح کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو آزادکشمیر میں عوام نے بھاری مینڈیٹ دیا اپنی مدت مکمل کریں گے۔تحریک انصاف کی حکومت تمام اعلانات پر عملی اقدامات کر کے دکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تنازع جموں کشمیر کو حل کرنے کیلئے مذاکرات کے ٹیبل پر آئے۔اہل جموں کشمیر کو حق خودارادیت دئیے بغیر ہندوستان سے مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔ کشمیر پاکستان کی بنیادی اکائی ہے۔ مقبوضہ جموں کشمیر کے لوگ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے۔ کشمیری حریت قیادت اور عوام کو فاشسٹ ریاست کے سامنے جدوجہد آزادی جاری رکھنے پر سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ قومی و ریاستی میڈیا حقائق دکھانے کے ساتھ معاشرے میں رائے عامہ بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پاکستان اور آزادکشمیر میں صحافیوں نے نامساعد حالات کے باوجود بہترین خدمات انجام دیں، آزادکشمیر کے صحافیوں اور انکی فیملیز کے مسائل حل کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے، پاکستان کے موجودہ معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کہنا تھا کہ پاکستان کے خراب معاشی حالات پر سیاسی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کی قومی سلامتی اس وقت ملک کی معیشت سے جڑی ہے لہذا تمام سٹیک ہولڈرز اس طرف توجہ دیں۔