آزاد کشمیر زکوٰۃ کونسل کا اجلاس ،52 کروڑ 56لاکھروپے کے بجٹ کی منظوری

25 جنوری ، 2023

میرپور( جنگ ی نیوز) آزادکشمیر زکواۃ کونسل کا مالی سال 2022-23کا بجٹ منظور کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر زکواۃ کونسل کا 153واں اجلاس کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کی سربراہی چیئرمین زکواۃ کونسل آزاد کشمیر چوہدری صدیق نے کی۔ اجلاس میں چار سیکریٹریز حکومت، آڈیٹر جنرل آزاد کشمیر، چار علما اکرام، آٹھ ممبر آزاد کشمیر زکوٰۃ کونسل نے اپنے اپنے ضلع کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کی۔ اجلاس میں بجٹ کا تخمینہ باون کروڑ پچپن لاکھ اسی ہزار نوسو پچپن روپے پیش کیا گیا جسے کونسل نے منظور کر لیا۔ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہو ں کو مجموعی بجٹ کے ۵۹ فیصد سے کم کر کے ۵۴ فیصد کر دیا گیا انتظامی اخراجات کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے مزید 92 ملازمین کو جون سے قبل گولڈن ہینڈشیک کے ذریعہ فارغ کیا جائے گا۔ ملازمتوں اور ترقییابیوں میں ضلع کو ٹہ پر عمدرآمد کو یقینی بنایاجائیگا۔ مزید یہ کہ کونسل میں تحت قواعد بھرتی شدہ ملازمین کو ہی ضلعی کوٹہ کے مطابق نارمل میزانیہ میں منتقل کیا جائیگا۔ اسی طرح مقامی کمیٹیوں کےذ ریعے نادار وغریب مستحقین کو ادائیگی کے لیے رواں سال کے بجٹ میں سو گنا اضافہ کرتے ہوئے موجودہ کل بجٹ کا اُنتیس فیصد کر دیا گیا۔ دینی مدارس کے ذریعے نادار اقامتی طلبا کی خوراک کے لیے ماہانہ اضافہ کیا گیا جو مجموعی بجٹ کا بارہ فیصد ہے۔ موجودہ مالی سال میں نادار بچوں کے لیے انٹر میڈیٹ سے لے کر ماسٹرز، ایم بی بی ایس، انجینئرنگ تک وظائف کی ادائیگی کے لیے چالیس لاکھ مختص کیے گئے ۔ مقامی کمیٹیوں کے ذریعے مستحقین زکوٰۃ کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ زکواۃ کونسل نے وزیر اعظم تنویر الیاس خان اور انکی حکومت کے ان اقدامات کو سراہاجن سے ریاست کے غریب اور نادار طبقہ کو مالی مدد میں اضافہ کیا گیا۔ براہ راست مالی امداد کے ساتھ غریب نادار طبقہ کی فنی تربیت کیلیے ٹولز کٹس و تربیت کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا گیا جسکے پہلے مرحلے میں نادار خواتین کو سلائی مشین بھی فراہم کی جائیگی، اگلے مالی سال میں کچن گارڈننگ کا بھی پروگرام شروع کیا جائیگا ۔ دینی مدرسوں میں نادار طلبا کو کمپیوٹر کی فراہمی کیلئے آئندہ مالی سال کے لیے دینی مدرسوں میں ایک ہزار لیپ ٹاپس فراہم کرنے کیلیے مزید دس کروڑ درکار ہونگے ۔ زکوٰۃکی تقسیم اور اخراجات تک عام آدمی کی رسائی کیلیے ویب سائٹ کی تیاری اور عنقریب افتتاح کا بھی فیصلہ کیا گیا۔