بھارتی یوم جمہوریہ پر احتجاجی ریلیاں نکالیں گے،عزیراحمدغزالی

25 جنوری ، 2023

مظفرآباد ( نمائندہ جنگ) جنوری بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ اور یوم احتجاج کے طور پر منانے کیلئے آزاد کشمیر بھر میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ بھارت جعلی جمہوریت میں لپٹا ایک بدترین سامراجی ملک ہے۔پاسبان حریت کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے ریاست جموں کشمیر کے عوام اور دنیا بھر میں موجود کشمیری شہریوں سے اپیل کی ہےکہ وہ 26 جنوری بھارت کے نام نہاد جمہوری دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ مقبوضہ ریاست پر بھارتی فوجی قبضے اور دہشتگردی کیخلاف سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نام نہاد جمہوریت کی آڑ میں دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور کشمیر میں اہنے بدترین جنگی جرائم کو چھپانے کی کوشش کررہا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی گجرات میں دو ہزار سے زائد مسلمانوں کے قتل عام کا خود مجرم ہے اور اسی طرح جموں کشمیر میں بھی ہزاروں شہریوں کے قتل کا ذمہ دار ہے۔ عْزِیر احمد غزالی نے عوام سے اپیل کی کہ 26 جنوری کو یوم سیاہ اور یوم احتجاج کے طور پر منا کر بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے پوری طرح بے نقاب کیا جائے۔