عمران خان نے ملک کو چالیس سال پیچھے دھکیل دیا، سراج منیر

25 جنوری ، 2023

مظفرآباد(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے ممبرمرکزی مجلس عاملہ شیخ سراج منیر نے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم کے چار سال ضائع کر کے ملک کو چالیس سال پیچھے دھکیل دیا، پاکستان ایٹمی طاقت ہے جس پر پوری امت مسلمہ کو فخر ہے۔ ملک میں مہنگائی اور کمزور معیشت دشمن قوتوں کا ایک ایجنڈا ہے۔جس کو پوی قوم متحد ہو کر ناکام بنائے گی۔مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔وزیراعظم پاکستان نے بیرونی ممالک کے دورے کر کے پاکستان کو تنہا ہونے سے بچا لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار لیگی رہنما شیخ سراج منیر نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا پڑوسی ملک بزدل اور نا قابل اعتبار ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اس پر عالمی طاقتوں کو اپنی آنکھیں بند نہیں کرنی چاہیے۔