عالمی برادری بڑھتے اسلامو فوبیا کے روک تھام کیلئے اقدامات کرے، سردار عتیق

25 جنوری ، 2023

مظفرآباد،راولپنڈی( جنگ نیوز) مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سویڈن میں اسلام کی مقدس کتاب کی توہین سے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی، واقعہ بلاوجہ اشتعال انگیزی اور مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا عمل ہے جس پر پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی آزادی اظہار رائے کے اصولوں کے منافی ہے،سویڈن کی حکومت آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کر نیوالوں کیخلاف کارروائی کرے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمِ اسلام اور مغربی دنیا میں خلیج پیدا کرنے والے مجرم عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے نفرت کی آگ بھڑکانے والے عالمی امن کے دشمن ہیں۔ اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور یورپی یونین بلاتاخیر قانون سازی کریں ۔انہوں نے کہا کہ یہ قابل مذمت عمل بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں اور آزادی اظہار رائے کے جائز اظہار کے اصولوں کے منافی ہے ،یہ عمل دنیا میں اسلامو فوبیا کی خطرناک سطح کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کی حکومت آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔