مراکو میں ’’بریانی فیسٹیول‘‘ کا انعقاد

25 جنوری ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) مراکو میں ’’بریانی فیسٹیول‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان مراکو بزنس فورم کے صدر اور مراکو کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ نے گزشتہ دنوں مراکو کے شہر کاسابلانکا کے مووین پک ہوٹل میں ’’بریانی فیسٹیول‘‘ کا انعقاد کیا جس کا مقصد پاکستانی باسمتی چاولوں اور مصالحوں کو مراکو میں متعارف کرانا اور حکومت پاکستان کی Look Africa پالیسی کے تحت مراکو میں پاکستان کی ایکسپورٹ کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں 300 سے زائد مراکن مہمانوں نے فیملی کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب میں شریک مہمانوں کی تواضع پاکستان سے خصوصی طور پر مراکو لے جائے گئے پاکستانی شیف شیخ اکرم اور اُن کی ٹیم کی بنائی گئی مختلف اقسام کی لذیذ بریانیوں سے کی گئی جس نے مہمانوں کے دل موہ لئے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو باسمتی چاولوں اور مصالحہ جات کے گفٹ پیک تحفتاً دیئے گئے ۔