کشمیری آزادی کیلئے پرعزم ہیں، جدوجہد جاری رکھیں گے، خالد محمود

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(جنگ نیوز ) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیری آزادی کے لیے پرعزم ہیں صبح آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اوورسیز کشمیری تحریک آزادی کا سفارتی محاذ کے اثاثہ ہیں ،وہ مسئلہ جموں وکشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں مودی کے 2019ء کے متعصبانہ اقدامات کے بعد تحریک آزادی نازک ترین موڑ سے گزررہی ہے لیکن کشمیری تمام تر مظالم کے باوجود آزادی پرڈٹے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ظفر احمد قریشی چیئرمین کشمیر کمپین گلوبل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کررہا ہے مسلم تشخص ختم کرنے کے در پے ہے تین سال سے زائد عرصہ سے دو کروڑ کشمیر ی یرغمال ہیں۔ قابض ہندوستانی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں جنگی جرائم کی مرتکب ہورہی ہے ۔اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔عالمی اور اسلامی برادری کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار اداکرے ۔تارکین وطن مودی کے مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے مہم کو تیز کریں۔