عالمی قوتیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں ، صلاح الدین

25 جنوری ، 2023

مظفر آباد(کے پی آئی) متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین اور حزب المجاہدین کے امیر سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارتی حکمرانوں کے ہاتھ نہ صرف مظلوم کشمیری مسلمانوں بلکہ بھارتی مسلمانوں کے خون سے بھی ر نگین ہیں،ان حالات میں بھارت کا یوم جمہوریہ منانا مظلوم انسانوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ عالمی قوتیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں۔ متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے 75سال سے کشمیر پر اپنا فوجی ناجائز قبضہ جمایا ہوا ہے،عالمی قوتوں کو چاہیے مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کریں ۔بھارت نے سات دہائیوں سے زیادہ عرصے کے دوران لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیااور آج بھی بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے میں مصروف ہے جبکہ عالمی طاقتیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وقت کی ضرورت ہے کہ بھارتی حکومت پر دبا ڈالا جائے کہ وہ عالمی قوانین کی پاسداری کرے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی چاہیے کہ وہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی بد ترین پامالی کا نوٹس لے کراپنی کوششوں کو تیز کریں اور حکومت پاکستان بھرپور سفارتی مہم سے عالمی برادری کواس جانب متحرک کرے۔