مغربی ممالک روس کیساتھ حقیقی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں ، روسی وزیر خارجہ

25 جنوری ، 2023

پریٹوریا (اے پی پی) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ مغربی ممالک اور روس حقیقی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، مغربی طاقتیں روس کیساتھ منسوب ہر چیز تباہ کرنا چاہتی ہیں، یوکرینی شہریوں کو مقامی زبان بولنے سے بھی منع کیا جارہا ہے، یوکرین کے معاملے پر مذاکرات کیلئے ہروقت تیارہیں، یوکرین تیسرے فریق کے ذریعے بھی رابطہ کر سکتا ہے۔ جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ نالیڈی پنڈور کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ یوکرین میں موجودہ صورتحال سے ظاہر ہورہا ہے کہ روس اور مغرب کے درمیان تنازعے کو اب ہائبرڈ وار نہیں قرار دیا جا سکتا بلکہ زیادہ درست یہ ہے کہ اب یہ تنازعہ تقریباً حقیقی جنگ میں تبدیل ہو چکا ہے اور مغرب طویل عرصہ سے اس کی تیاری کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مغربی طاقتیں روس کے ساتھ منسوب ہر چیز خواہ وہ زبان ہو یا یوکرین میں صدیوں سے موجود روسی ثقافت، تباہ کرنا چاہتی ہیں یوکرینی شہریوں کو مقامی زبان بولنے سے بھی منع کیا جارہا ہے ایسے اقدامات پورے یوکرین میں کئے جا رہے ہیں اس سب کے پیچھے مغربی ممالک کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک نے یوکرین کی طرف سے جان بوجھ کو سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کی طرف سے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس یوکرین کے معاملے پر مذاکرات کے لئے ہروقت تیار ہے ، یوکرینی حکومت تیسرے فریق کے ذریعے بھی مذاکرات کے لئے روس سے رابطہ کر سکتی ہے۔