شہباز گل کی حفاظتی ضمانت میں توسیع،سیاسی انتقام کا نکتہ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،عدالت

25 جنوری ، 2023

لاہور ( این این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب کو کل جمعرات کے روز طلب کر لیا اور ریمارکس دیئے کہ سیاسی انتقام کا نکتہ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، ہر شہری کے حقوق کا تحفظ بھی کرنا ہے ۔گذشتہ روز جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گِل کی حفاظتی ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل عدالت میں پیش ہوئے ،ان کے وکیل رمضان چوہدری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی پہلی رپورٹ کے مطابق شہباز گل پر 3 مقدمے ہوئے تھے، عدالت میں جان بوجھ کر مانگا منڈی کا ایک مقدمہ چھپایا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی نہیں کہا گیا کہ شہباز گل کی گرفتاری مطلوب نہیں ، کیا اعلیٰ عدالتوں کے ساتھ ان کا یہ رویہ ہو گا کہ حقاق چھپا ئیں ۔وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد کی حد تک شہباز گِل کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ۔جسٹس طارق سلیم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں نیا مقدمہ نہیں جبکہ پراسیکیوٹر نے سپریم کورٹ میں کہا کہ مقدمہ درج ہے ، آپ کیسز درج کرتے ہیں ، سیاسی انتقام کے نکتے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ، کسی بھی شہری کے حقوق کا تحفظ بھی کرنا ہے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ میرے علم میں ایسا کچھ نہیں کہ نیا مقدمہ درج ہوا ۔ عدالت نے کہا کہ تو پھر اسی پراسیکیوٹر کو بلا لیتے ہیں جس نے سپریم کورٹ میں بیان دیا ، وفاقی سیکرٹری داخلہ اور ہوم سیکرٹری کو بھی بلا لیں۔ عدالت نے شہباز گل کے خلاف تمام مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ۔