برآمدات میں اضافےکیلئے پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے، وزیر صنعت

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم مرتضیٰ محمود نے کہا ہے کہ سی پیک فیز ٹو کیلئے موبائل انڈسٹری بہترین ہے، ہمیں برآمدات میں اضافے کیلئے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز وزارت صنعت و پیداوار اور موبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سےمنعقدہ سمٹ سےخطاب کرتے ہوئےکیا ۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت ضرور ہے ملک پر لیکن اس کی ذمہ داری سب پر عائد ہوتی ہے اورسب کی ذمہ داری ہے کہ وہ کام کریں۔ انھوں نے کہا کہ موبائل مینوفیکچرنگ کی نئی صنعت تھی ،اس کو مشکلات درپیش ہوئیں ، اس صنعت کو بہتر کرکے ہم ملکی ضروریات پوری کرسکتے ہیں، موبائل انڈسٹری کو تیزی سے مقامی پیداوار کی طرف آنا ہوگا، موبائل مینوفیکچرنگ کو بڑھا کر ہم برآمدات میں اضافہ کرسکتے ہیں۔