آئی ایم ایف کو پیغام، پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں، ساری سے سیاسی کمائی ملک وریاست پر قربان کر دوں گا،

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم انتہائی کٹھن وقت سے گزر رہے ہیں‘ عالمی مالیاتی فنڈ کو واضح پیغام دے دیا ہے آپ کی تمام شرائط ماننے کو تیار ہیں اور نویں جائزے کیلئے پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں‘ملکر پاکستان کومشکلات سے نکالیں گے‘ ملک اورریاست بچانے کیلئے اپنی ساری سیاسی کمائی قربان کرنے کیلئے تیار ہوں ۔منگل کویہاں نوجوانوں کیلئے قرض اسکیم کے اجراءکے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان کوبچانےکی جوذمے داری قبول کی اس کو آخری حدتک نبھائیں گے، قرضوں پرعیاشیاں کرنے کی اجازت نہیں ۔ پاکستان کوبچاناہےتو ہمیں سیاست کو قربان کرنا ہوگا، پاکستان کےجوحالات ہیں سب کواس کی ذمے داری قبول کرناہوگی، اس حمام میں سب ننگے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ اسٹیٹ بینک ‘کمرشل اورمائیکروفنانس کمپنیوں کے تعاون سے اس سکیم کا آغاز کیا ہے‘اس سکیم کے تحت نوجوانوں کو 5 لاکھ سے لیکر75 لاکھ روپے تک قرضے فراہم کئے جائیں گے ، 5 لاکھ روپے تک کے قرضے بلاسود ہوں گے اور ان کی واپسی کی مدت تین سال ہوگی ، 5 سے پندرہ لاکھ روپے تک کے قرضوں پرشرح سود 5 فیصد ہوگا۔ 15 سے 75 لاکھ روپے تک کے قرضوں پرشرح سود 7 فیصد ہوں گی اوراس کی واپسی کی مدت 8 سال ہوں گی۔اس کے علاوہ ایک لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے جو پورے پاکستان میں میرٹ پرتقسیم ہوں گے۔