کوئٹہ: کمرے میں گیس بھر جانے سے تاجر3 جوان بیٹوں سمیت جاں بحق

25 جنوری ، 2023

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)جان محمد روڈ پر ایل پی جی سے دم گھٹنے سے تاجر تین بیٹوں سمیت جاں بحق ہو گیا ۔گاڑی خراب ہونے کے باعث باپ بیٹے دکان کے ساتھ کمرے میں سلنڈر سے ہیٹر جلا کر سو گئے تھے ،ایک ہی گھر میںچار جنازے پہنچنے پر کہرام مچ گیا ۔25روز میں گیس سے نو بیاہتا جوڑے، ڈاکٹر، پانچ بچوں سمیت 13افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔پولیس کے مطابق سریاب کے علاقے کلی کمالوازبک بازار کا رہائشی تاجر امان اللہ پیر کو اپنے تین بیٹوں حفیظ اللہ ، محب اللہ اور قاری حبیب اللہ کے ہمراہ گاڑی میں جان محمد روڈ صدیقیہ تبلیغی مرکز کے سامنے اپنی دکا ن آیا ،گاڑی خراب ہونے کے باعث شام کو دکان بند کر کے چاروں باپ بیٹے دکان کے ساتھ کمرے میں رک گئے اوررات کوشدید سردی کی وجہ سے ایل پی جی سلنڈرکے ساتھ ہیٹر جلا کر سوگئے۔ کمرے میں آکسیجن کم ہونے کے باعث گیس بھر گئی اوردم گھٹنے سےچاروں باپ بیٹے ابدی نیند سو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ہسپتال پہنچایا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ایک ہی گھر میں چار جنازے پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ پولیس نے بتایا کہ امان اللہ کا چوتھا بیٹارحیم اللہ منگل کی صبح والد سے ملنے کیلئے دکان آیا مگر دکان بند تھی ،قریبی دکانداروں سے معلومات پر اسے بتایاگیا کہ امان اللہ اور اس کے بھائی دکان کے ساتھ والے کمرے میں سو رہے ہیں۔بیٹا کمرے کا دروازہ بجاتا رہا نہ کھلنے پر پولیس کو آگاہ کیا ۔کمرے کا دروازہ توڑ کر لاشیں نکالی گئیں۔ کمرے میں ایل پی جی سلنڈرپر ہیٹر لگا ہوا تھا اور سلنڈرسے گیس نکل رہی تھی۔ واضح رہے کہ 25روز میں گیس سے نو بیاہتا جوڑے، ڈاکٹر، پانچ بچوں سمیت 13افراد لقمہ اجل جبکہ تین خواتین سمیت سات افراد زخمی ہو چکے ہیں۔