کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بجلی بحال، کیسکو، بعض علاقوں میں تاحال غائب

25 جنوری ، 2023

کوئٹہ /چمن(اسٹاف رپورٹر/نامہ نگار)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ ملک گیر سطح پر بجلی کی بحالی کے بعد صوبہ بلوچستان کو بجلی فراہم کرنے والی 220kVاُچ سبّی،220kVدادو۔ خضدار 220kV،ڈیرہ غازیخان۔ لورلائی اور 220kVڈیرہ مراد جمالی ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہوگئی ہے اورکیسکو کے زیر انتظام صوبہ کے تمام اضلاع کے تمام گرڈاسٹیشنز اور ان سے منسلک فیڈروں کو اب معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ترجمان نے کہا چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر عبدالکریم جمالی بجلی بحالی کے عمل کی مسلسل خود نگرانی کرتے رہے۔نیشنل گرڈسے بجلی کی دوبارہ فراہمی اور220Kvمین ٹرانسمیشن لائن سے بجلی بحالی کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو کی خصوصی ہدایت پر کیسکو کے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر (پی ڈی سی) کا عملہ لوڈ مینجمنٹ کر تے رہے اور رات تک کوئٹہ شہر کو مکمل طور پر بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جبکہ پیر اورمنگل کی درمیانی شب رات کے تقریباً 3بجے تک صوبہ کے دیگر تمام متاثرہ علاقوں کو بھی بجلی کی فراہمی کو مکمل طور پر یقینی بنایا۔ترجمان نے مزید کہا کہ کیسکو پاور ڈسٹری بیوشن (پی ڈی سی) کا عملہ ڈسٹری بیوشن سسٹم کو محفوظ رکھنے کیلئے مرحلہ وار بجلی بحالی کے عمل کو جاری رکھااور اب معمول کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبہ کے تمام علاقوں کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔تاہم اس دوران کیسکو نے بجلی کی بندش پر تمام صارفین سے معذرت کی ہے اور تعاون پر انکا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔واضح رہے کہ پیر23جنوری کی صبح 7بجکر34منٹ پر نیشنل گرڈکی سسٹم فریکونسی کم ہوگئی جس کے باعث بجلی کے نظام میں ملک گیر سطح پر وسیع بریک ڈاون ہوا۔بریک ڈاون ہونے کی وجہ سے صوبہ کے 30اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔چمن سےنورزمان اچکزئی کے مطابق چمن سمیت بلوچستان کے شمالی اضلاع کے بیشتر گرڈاسٹیشنوں کو بجلی کی فراہمی بحال نہیں کی جا سکی ہے۔ چمن میں پہلے ہی سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کےسلسلے میں اتوار کی رات 11 بجے سپلائی معطل ہوئی تھی جو دوبارہ بحال ہی نہیں ہوئی کہ اس دوران پیر کی صبح مین ٹرانسمیشن لائنیں بھی ٹرپ کرگئیں مگر منگل کو بیشتر اضلاع میں بحالی شروع ہوچکی یا بحال ہو گئی ہے مگر برفیلے موسم سے مفلوج شمالی اضلاع میں دو دن بعد بھی بجلی بحال نہیں کی جاسکی۔ واپڈاہائیڈرو یونین نے جنگ کو بتایا کہ کوئٹہ سمیت جنوب وسطی اضلاع کو پیر کےرات کو ہی بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے مگر رواں صدی کی شدید ترین سردی اور برفیلی موسم سے متاثرہ شمال بالائی اضلاع میں بریک ڈائون برقرار ہے، یونین کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شمالی بلوچستان کے بیشتر گرڈ اسٹیشنز کو بجلی فراہمی بحال نہیں ہوسکی ہے چمن میں ضلع بھر میں بجلی کی سپلائی منگل کو رات گئے تک معطل رہا عہدیدار کے مطابق منگل کے دوپہر کو15 منٹ کیلئے چمن گرڈ کو بجلی فراہم کیا مگر دوبارہ سپلائی بند کردی گئی، یونین کا کہنا ہے کہ گلستان، قلعہ عبداللہ، خانوزئی، پشین، مسلم باغ، زیارت سمیت کئی گرڈز کو سپلائی معطل ہے ۔ دوسری جانب شدید برفباری اور برفیلی موسم سے متاثرہ اضلاع میں نظام زندگی پہلے ہی سے مفلوج تھا اور موجودہ صورتحال نے رہی سہی کسر بھی پورا کردیاہے ،چمن سمیت بیشتر شہروں میں موبائل،انٹرنیٹ، پی ٹی سی ایل کے ایکسچینج سے سروسز کی فراہمی متاثر ہے موبائل ٹاورز بند ہے کیمونٹی واٹرسپلائیز بند ہونے سے پینے کے پانی کا بحران پیدا ہو گیاہے یبنکنگ سسٹم متاثر ہونے کے ساتھ بنکوں نے اےٹی ایم سروسز بھی بند کردئیے۔