بھارت کی ایس سی اواجلاس میں شرکت کیلئے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال اور بلاول بھٹو کو دعوت

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)ذرائع کے مطابق حکومت انڈیا نے شنگھائی کو آپریٹو آرگنائزشن (ایس سی او)کے اجلاس میں شرکت کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان ،مسٹر جسٹس عمر عطاء بندیال اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو سفارتی ذرائع سے دعوت دے دی ہے ، انڈیا اس وقت خطہ کے اس اہم ترین فورم کا سربراہ ہے ،جس کی مختلف تقریبات مارچ سے شروع ہورہی ہیں، جن میں رکن ممالک کے چیف جسٹسز اور وزرائے خارجہ کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے ،چیف جسٹسز کا اجلاس مارچ میں جبکہ وزرائے خارجہ کا اجلاس مئی میںمنعقد ہوگا، تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ چیف جسٹس، عمر عطاء بندیال اس اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کریں گے یا اپنا نمائندہ بھجوائیں گے ،یاد رہے کہ شنگھائی کو آپریٹیو آرگنائزشن (ایس سی او) روس ،چین ،انڈیا،پاکستان،ایران اور سنٹرل ایشیا کی ریاستوں پر مشتمل ہے ۔