پنجاب سے 26ٹن سبز سستا آٹا تھیلا کے پی سمگل کرنے کی کوشش ناکام

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر راولپنڈی ڈویژن سلمان علی اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی سفیان آصف اعوان کے مطابق محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیم نے منوں کی بجائے ٹنوں کی مقدار میں سبز رنگ کے سستے آٹے تھیلے سے بھرا ٹرک قبضے میں لے لیا اس میں 26 ٹن لاہور کی فلور ملوں کا بنا ہوا آٹا کے پی کے جارہا تھا۔ سبز رنگ کے تھیلوں پر لاہور کی رائے ونڈ فلور ملز جی ایل فلور ملز، طارق فلور ملز، صوفی ویٹ پراڈکٹ لاہور، کنگ فلور ملز لاہور کا پرنٹ شدہ تھا۔ ڈرائیور خورشید احمد نے ناکے پر موجود ٹیم کی طرف سے رکنے کا اشارہ دیکھتے ہی گاڑی دوڑا لی جس پر پولیس کی امداد سے تعاقب کرکے روکا گیا۔ پولیس کانسٹیبل محمد واصف نمبر4790/C نے گاڑی روکنے میں مدد کی۔ ڈرائیور نے بغیر پرمٹ 26 ٹن آٹا پشاور کی طرف لے جانے اور گاڑی فرار کرنے کی غیرقانونی حرکت کی۔ رانا ظفراقبال اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر، محمد واصف پولیس کانسٹیبل ، عابد حسین گوندل فوڈ انسپکٹر نے جو رپٹ درج کرائی اس میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی کی سربراہی میں محکمہ فوڈ اور پولیس نے ٹرک نمبری2809/ABC روک کر چیک کیا اس میں آٹے کے سبز رنگ کے سینکڑوں تھیلے موجود تھے جن کا وزن 26 ٹن بتایا گیا۔ رپٹ پر ایف آئی آر آج تھانہ نصیرآباد راولپنڈی میں 3/6 فوڈ سٹف کنٹرول ایکٹ 3/7 فوڈ گرین لائسنسنگ کنٹرول ایکٹ 1957 خورشید ولد گلزار خان ساکن درہ آدم خیل کے خلاف مقدمہ درج کرایا جارہا ہے۔